ایتھنز جیل میں جھگڑا، دو پاکستانی ہلاک

Athens  Prison

Athens Prison

پیرس (زاہد مصطفی اعوان ) ایتھنز جیل میں قید غیر ملکیوں کے درمیان ہونے والے جھگڑے میں دو قیدی ہلاک اور 21 زخمی ہوگئے ہیں، جن میں کچھ کی حالت نازک ہے۔

یونان کی ایک میونسپلٹی کورے ڈلاس جیل کے قیدیوں کے مابین یہ جھگڑا سی ونگ پر کنٹرول حاصل کرنے کے سلسلے میں شروع ہوا، جس میں چھریوں کا استعمال کیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں قیدی پاکستانی ہیں۔

وزارتِ انصاف کے عہدے دار کا کہنا ہے کہ اتوار کو رات کے کھانے کے فوراً بعد جب قیدی اپنے سیلز میں واپس جارہے تھے، تو البانیہ اور عرب نژاد قیدیوں کا پاکستانی قیدیوں کے ساتھ یہ جھگڑا شروع ہوا۔مذکورہ عہدے دار جاری تحقیقات کے بارے میں تفصیلات دینے کا اختیار نہیں رکھتا تھا۔

اس لیے اس نے اپنا نام نہ ظاہر کرنے کی شرط کے ساتھ بتایا کہ زخمی قیدیوں کو ہسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے، جن میں سے کم سے کم دو کی حالت نازک ہے۔کورے ڈلاس کی یہ جیل یونان کی سب سے بڑی جیل ہے، جہاں قیدیوں کی سب سے زیادہ تعداد قید ہے۔ یہاں دو ہزار سے زیادہ مجرموں کو چھ ونگز میں قید کیا گیا ہے۔