آسٹریلیا نے دوسرا ون ڈے بھی جیت لیا، نیوزی لینڈ کو 116 رنز سے شکست

New Zealand

New Zealand

کینبرا (جیوڈیسک) چیپل ہیڈلی سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے فتح اپنے نام کرکے دو، صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔ آسٹریلوی بلے بازوں نے پہلے کھیلتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 379 رنز کا ٹارگٹ دیا تاہم کیوی بلے باز اس ہدف کو پورا کرنے میں ناکام رہے۔ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 262 رنز ہی بنا سکی۔ یوں آسٹریلیا نے دوسرے ون ڈے میں 116 رنز سے فتح اپنے نام کی۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو سود مند ثابت نہ ہوا۔ ڈیوڈ وارنر نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 119 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

دیگر بلے بازوں میں سٹیون سمتھ 72، ٹریوس ہیڈ 57 اور مارش 76 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ آسٹریلوی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 378 رنز بنائے۔ ساؤتھی دو وکٹیں حاصل کرکے کامیاب باؤلر رہے جبکہ بولٹ، سینٹنر گرینڈ ہومی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا کے 379 رنز کے تعاقب میں کیوی ٹیم میدان میں اتری۔ نیوزی لینڈ کو جلد ہی نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنر ٹام لیتھم صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد اوپنر مارٹن گپٹل اور کپتان کین ولیمسن نے ٹیم کو سہارا دیا۔ گپٹل 45 اور ولیمسن 81 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

دیگر بلے بازوں میں نیشام نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کے سکور میں اضافہ کیا اور 74 رنز بنانے میں کامیاب رہے، تاہم ان کے علاوہ کوئی اور بلے باز ہدف کے تعاقب میں ناکام رہا۔ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم صرف 262 رنز ہی بنا سکی۔

آسٹریلیا کی جانب سے کمنز نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سٹارک، ہیزل ووڈ اور فالکنر کے حصے میں دو، دو وکٹیں آئیں۔ چیپل ہیڈلی سیریز میں آسٹریلیا نے دو، صفر کی واضح برتری حاصل کر لی ہے۔