آسٹریلیا نے پاکستان کو سڈنی ٹیسٹ 220 رنز سے ہرا کر وائٹ واش کر دیا

 Sydney Test

Sydney Test

سڈنی (جیوڈیسک) آسٹریلیا نے پاکستان کو سڈنی ٹیسٹ 220 رنز سے ہرا کر وائٹ واش کر دیا۔ ٹیسٹ کرکٹ میں مسلسل چھٹی شکست کی بدترین تاریخ رقم ہو گئی۔ سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں بھی آسٹریلیا نے پاکستان کرکٹ کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیا۔

چار سو پینسٹھ رنز کے آسٹریلوی ہدف کا تعاقب کرتے قومی کھلاڑی دو سو اکتالیس رنز پر گھٹنے ٹیک گئے۔ سرفراز احمد کے علاوہ سب دھوکہ دے گئے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین کے ناٹ آؤٹ 72 رنز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

اوپنر اظہر علی 11 رنز پر نو دو گیارہ ہوئے، ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے شرجیل خان پہلی اننگز میں چار اور ابھی چالیس کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

بابر اعظم 9 اور یونس خان 13 رنز بنا سکے۔ کپتان مصباح الحق 38 اور اسد شفیق نے ٹوٹل میں بمشکل 30 رنز کا اضافہ کیا۔

کینگروز کے دیس میں پاکستان کو مسلسل چوتھی سیریز میں کلین سویپ ہونا پڑا اور ٹیسٹ کرکٹ میں مسلسل چھٹی ہار کی ہزیمت کا ہار گلے میں پڑ گیا۔