آسٹریلیا میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے الزام میں 2 افراد گرفتار

Australian Police

Australian Police

کینبرا (جیوڈیسک) آسٹریلوی پولیس نے دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے الزام میں 2 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

آسٹریلوی ریاست نیو ساؤتھ ویلز کی پولیس نے سڈنی سے 15 اور 20 برس کے 2 نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔ ان افراد پر ملک میں دہشت گردی کی کارروائی کی تیاری کی سازش کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ نیوساؤتھ ویلز پولیس کا کہنا ہے کہ حالیہ گرفتاریوں کا تعلق دہشت گردی کے کسی نئے منصوبے سے نہیں ہے بلکہ گزشتہ برس کی گئی ایک کارروائی سے ہی ہے۔

نیو ساؤتھ ویلز پولیس کی آفیسر کیتھرین برن نے کہا کہ گرفتار کیا گیا 15 سالہ لڑکا ذہن طور پر مکمل شدت پسند ہوچکا ہے، ہمارے لئے یہ بہت تکلیف دہ ہے کہ ہمیں نوجوان بچوں کے ساتھ اس طرح پیش آنا پڑ رہا ہے۔

15 برس کے بچّے کو ایسے سنگین جرم کے لیے عدالت کے سامنے پیش کرنا، جس کی سزا عمر قید ہوسکتی ہے، ظاہر کرتا ہے کہ قانون نافذ کرنے والوں کو کن مشکلات کا سامنا ہے۔