آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر سہہ فریقی سیریز کے فائنل میں جگہ بنالی

Australia, West Indies,

Australia, West Indies,

جمیکا (جیوڈیسک) آسٹریلیا نے سہہ فریقی سیریز کے آٹھویں میچ میں ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لئے رسائی حاصل کرلی۔

مہمان آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو ویسٹ انڈیز نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے جب کہ کینگروز نے ہدف 4 وکٹوں پر 48.4 اوورز میں حاصل کرلیا۔ شاندار بیٹںگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کپتان اسٹیون اسمتھ نے 78 اور مچل مارش نے 79 رنز بنائے جب کہ عثمان خواجہ 17، ایرون فنچ 16، جارج بیلی 34 اور گلین میکسویل نے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شینن جبریل، کارلوس بریتھ ویٹ اور سلیمان بین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ابتدائی تین بلے باز کوئی خاطرخواہ کارکردگی نہ دکھا سکے جس کے بعد مارلن سیموئلز اور وکٹ کیپر بلے باز دنیش رامدین نے 192 رنز کی شراکت قائم کی۔ سیموئلز نے 14 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 125 رنز بنائے جب کہ دنیش رامدین 91 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، جیمز فالکنر اور اسکاٹ بولانڈ نے 2،2 جب کہ جوش ہیزلی ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر شکست خوردہ ویسٹ انڈیز ٹیم کے بلے باز مارلن سیموئلز کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

پوائنٹس اسکورنگ ٹیبل پر آسٹریلیا 15 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ جنوبی افریقا 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور ویسٹ انڈیز 8 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔