آسٹریلیا پھر جیت گیا، بھارت کو مسلسل چوتھے ون ڈے میں شکست

Australia and India ODI

Australia and India ODI

کینبرا (جیوڈیسک) کینبرا میں کھیلے گئے چوتھے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے بھارتی ٹیم کو مسلسل چوتھی مرتبہ شکست دی۔ شیکھر دھون اور ویرات کوہلی کی سینچریاں بھی بھارت کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکیں۔

آسٹریلوی ٹیم کے کپتان سمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بنائے تھے۔ بھارت کی جانب سے آر جی شرما اور شیکھر دھون نے پراعتماد طریقے سے اننگز کا آغاز کیا تاہم شرما ابھی 41 رنز ہی بنا پائے تھے کہ انھیں رچرڈسن کی گیند پر وکٹ کیپر نے کیچ پکڑ کر پویلین کی راہ دکھلا دی۔

اس کے بعد ویرات کوہلی نے شیکھر دھون کا بھرپور ساتھ دیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے پراعتماد طریقے سے کھیلتے ہوئے سینچریاں سکور کیں۔ شیکھر دھون نے 126 جبکہ ویرات کوہلی نے 106 رنز کی یادگار اننگز کھیلی تاہم دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد بھارتی بلے بازوں کی لائن لگ گئی۔ بھارت کی پوری ٹیم صرف 323 رنز بنا پائی۔

آسٹریلیا کی جانب سے ہیسٹنگز اور مارش نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ این ایم لیون کے حصے میں ایک وکٹ آئی جبکہ رچرڈسن نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کی وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل آسٹریلوی کپتان سمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو انتہائی سود مند ثابت ہوا۔ آسٹریلیا کی جانب سے اے کے فنچ 107، ڈی اے وارنر 93، سمتھ 51 جبکہ میکسویل نے 41 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں بھارتی ٹیم کو جیت کیلئے 349 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔ بھارت کی جانب سے شرما 4 جبکہ یاددو نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا کے ہاتھوں بھارت کی یہ مسلسل چوتھی شکست ہے۔