ایاز صادق اور عبد العلیم کی اہلیت چیلنج، دونوں کو نوٹس جاری

Lahore High Court

Lahore High Court

لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس محمود مقبول باجوہ اور مسٹر جسٹس مسعود عابد نقوی پر مشتمل 2 رکنی ایپلیٹ الیکشن ٹربیونل نے عوامی تحریک کی طرف سے این اے 122 سے امیدوار اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ کی 2 اور حافظ طلحہ ایڈووکیٹ کی 1 درخواست پر سماعت کی۔

درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن ٹربیونل نے ایاز صادق پر تیئس لاکھ ستاسی ہزار سات سو اٹھاون روپے جرمانہ عائد کیا مگر انہوں نے جرمانہ ادا نہیں کیا اور نہ ہی اس کیخلاف سپریم کورٹ سے حکم امتناعی حاصل کیا ہے، درخواستوں میں تحریک انصاف کے عبد العلیم کے متعلق مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے امیدوار آئین کے آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ پر پورا نہیں اترتے۔

مگر اس کے باوجود ریٹرننگ افسر نے ایاز صادق اور عبد العلیم خان کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے ہیں جو آئین کی خلاف ورزی ہے لہذا دونوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جائیں، ابتدائی سماعت کے بعد ایپلیٹ الیکشن ٹربیونل نے ایاز صادق اور عبد العلیم خان کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کل تک جواب طلب کر لیا ہے۔