آزاد جموں کشمیر پیپلز پارٹی کا کشمیر سے کرپشن کے خاتمے کے لئے انتخابی اتحاد کا اعلان

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جموں کشمیر پیپلز پارٹی سندھ بلوچستان زون کے صدر سردار ظفر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے پہلے صدر سردار محمد ابراہیم کا لگایا ہوا کشمیری جدوجہد کا پودا آج ایک تناور درخت بن چکا ہے جوکہ لاکھوں مظلوم کشمیریوں کی امنگوں کا ترجمان بن چکا ہے۔ آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ ن اور جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے مابین ایڈجسمنٹ کا امکان موجود ہے۔

ریاستی وسائل کو ذاتی مال سمجھ کر لوٹنے والوں کا کامیابی کے بعد احتساب کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارساز ، کشمیر کالونی ، نصرت بھٹو کالونی ، بھٹائی آباد ، بھٹائی کالونی اور لانڈھی مظفر آباد کالونی میں کشمیریوں کے مختلف اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سردار ظفر نے مزید کہا کہ بانی جموں کشمیر پیپلز پارٹی سردار محمد ابراہیم کا مشن اب چیئرمین سردار خالد ابراہیم کی قیادت میں پورا کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سردار خالد ابراہیم نے بیرون ملک کشمیری عوام کا مقدمہ نہایت احسن طریقے سے لڑا ہے جس کا اعتراف عالمی برادری کے سرکردہ رہنماؤں نے بھی کیا انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ”بھٹو” کی موجودہ حکومت نے کشمیریوں کے نام پر سوائے سیر سپاٹے کے کچھ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پی پی ہو یا پی ٹی آئی انہیں مظلوم کشمیریوں کے دکھ درد کا کوئی احساس نہیں ۔ سردار ظفر نے مزید کہا کہ سندھ بلوچستان میں کشمیری عوام کی قانون ساز اسمبلی کی دونوں نشستوں پر سردار خالد ابراہیم کے نامزد کردہ امیدوار ہی کامیاب ہونگے اور ہم کشمیریوں کے تعاون سے انتخابات میں ٹھپہ مافیا کی سازشوں کو بھی ناکام بنائیں گے۔