آزاد کشمیر، دیر اور سوات میں برفباری کا سلسلہ تھم گیا

Azad Kashmir Snow

Azad Kashmir Snow

آزاد کشمیر (جیوڈیسک) آزاد کشمیر، سوات، اپر اور لوئر دیر میں برفباری کا سلسلہ تھم گیا ہے بالائی علاقوں میں ہونے والی برفباری نے لوگوں کی مشکلات بڑھا دیں۔

مظفر آباد ، باغ سمیت کئی مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہیں۔ لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ۔ حسین وادیوں میں پربتوں کی شہزادیوں کاحسن تو برفانی دوشالوں اور زیوارت سے دوچند ہو گیا ہے تاہم برفباری نے لوگوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔

سوات میں دو دن سے جاری کے بارش اور برف باری کا سلسلہ تھم گیا اور دھوپ نکل آئی ہے تاہم موسم انتہائی سرد ہو گیا ہے۔ ادھر کالام ، مالم جبہ اور دیگر بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ شدید برف باری کے باعث بند ہے اور لوگوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

لوئر دیر، دیر بالا اور گرد و نواح میں گزشتہ دو روز سے جاری برفباری کا سلسلہ رات گئے رک گیا ۔ موسم صاف اور سرد ہوگیا، برفباری کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں بند ہیں ، برفباری سے سرن ویلی ، تناول روڈ سمیت مختلف رابطہ سڑکیں بند اور بجلی بھی منقطع رہی ۔ کچے گھروں کی چھتیں ٹپکنے لگیں۔ حویلیاں میں ہسپتال، سکول بند رہے۔

آزاد کشمیر میں برفباری کا دس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ۔ برفباری سے مظفر آباد ، پونچھ ، باغ ، حویلی ، ہٹیاں ، ضلع نیلم کی زیادہ تر سڑکیں بند ہو گئیں ۔ بعض مقامات پر پانی پائپوں میں جم گیا ۔ لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ۔ گیس کی قلت ، لکڑی اور کوئلے کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافے کے باعث لوگوں کو مشکلات سامنا ہے۔