آزاد کشمیر : نواز شریف کا قومی صحت پروگرام کا افتتاح، مستحقین میں ہیلتھ کارڈ تقسیم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

مظفر آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے قومی صحت پروگرام کا آزاد کشمیر میں افتتاح کرتے ہوئے مستحقین میں ہیلتھ کارڈ تقسیم کئے۔ وزیر اعظم نے غریب عوام کو مفت علاج فراہم کرنے کا عزم ایک مرتبہ پھر دہرایا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی میں روشنیوں کی واپسی اور بجلی کے کارخانے چلنے کے ساتھ ساتھ اب پاکستان میں میں سب کچھ اچھا ہونا چاہے۔

مظفرآباد میں میرواعظ مولوی محمد فاروق میڈیکل کالج میں وزیر اعظم نواز شریف نے مستحقین میں ہیلتھ کارڈز تقسیم کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ اس اسکیم کے تحت غریب اور نادار لوگوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچے گا۔

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ عام لوگوں کے لئے صحت کی اسکیم ہمارے منشور کا حصہ ہے ۔ یہ پروگرام ابھی 23 اضلاع میں شروع کیا گیا ہے جس میں آزاد کشمیر کے دو اضلاع مظفرآباد اور کوٹلی بھی شامل ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ یہ پروگرام گلگت بلتستان، فاٹا کے علاقوں سمیت پورے ملک میں پھیل جائے۔ اس پروگرام کے لئے میرٹ صرف غریب اور نادار لوگ ہیں۔ تین سال پہلے غریب لوگ علاج نہیں کرپاتے تھے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت اس اسکیم کے تحت غریب لوگوں کا علاج کرئے گی۔ علاج کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے لوگ اپنی جایئدادیں بیچ رہے ہیں۔ اس پروگرام میں شریک تمام ادارے اور لوگ تحسین کے مستحق ہیں، ملک میں اب سب کچھ اچھا ہونا چاہے۔

کراچی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ شہر کی روشنی واپس آنی چاہے ، بجلی کے کارخانے بھی چلنے چاہے اور غریب لوگوں کو سکون بھی ملنا چاہے۔

مظفرآباد میں اس اسکیم کے تحت 80 ہزار لوگوں کو فائدہ ملے گا۔ اس اسکیم سے حقیقی معنوں میں معاشرے میں پسے ہوئے طبقات کو فائدہ پہنچے گا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ اس اسکیم کے اندر کوئی سیاست نہیں ہے اور اسی وجہ سے اس وقت مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کی قیادت آزاد کشمیر میں اس اسکیم کے اجرا کے موقع پر موجود ہے۔

وزیر اعظم نے میر واعظ مولوی محمد فاروق میڈیکل کالج مظفرآباد کے لئے دو بسوں سمیت دس کروڑ روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔ تقریب سے وزیر اعظم اور صدر آزاد کشمیر نے بھی خطاب کیا۔