اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ؛نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تین کے مقابلے میں 5 گول سے ہرا دیا

Azlan Shah Hockey Tournament

Azlan Shah Hockey Tournament

ایپوہ (جیوڈیسک) نیوزی لینڈ نے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کو تین کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دیدی۔

ملائشیا کے شہرایپوہ میں جاری 25 ویں سلطان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کو اپنے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 3 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔میچ کے آغاز میں پاکستان کی جانب سے محمد ارسلان نے پہلا گول کیا تاہم نیوزی لینڈ کے اسٹیفن جینس نے چند منٹ بعد ہی گول کرکے پاکستان کی برتری ختم کردی۔
اس کے بعد نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں نے متعدد حملے کیئے جنہیں پاکستانی گول کیپر عمران بٹ نے ناکام بنادیئے اور پہلے کوارٹر کے اختتام پر دونوں ٹیموں کا ایک ایک گول تھا۔دوسرے کوارٹرمیں نیوزی لینڈ کو برتری کے لیئے 19 منٹ کا انتظار کرنا پڑا جب سائمن نے پاکستانی دفاعی حصار کو توڑتے ہوئے گیند کو گول پوسٹ میں پہنچادیا، اس کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے بھی متعدد حملے کیئے اور 23 ویں منٹ میں عرفان جونیئر نے گول کرکے اسکور برابر کردیا۔

میچ کے تیسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے مخالف پوسٹ پر بھرپور حملے کیئے ،میچ کے انتالیسویں منٹ میں نک ووڈ نے پینلٹی کارنر پر گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلوادی، جب کہ 3 منٹ بعد نک ووڈ نے ہی پینلٹی کارنر پر ایک اور گول کردیا، تینتالیسویں منٹ میں نیوزی لینڈ کو ایک اورکامیابی اس وقت ملی جب کین نرسل نے گول کرکے اپنی ٹیم کو 2 کے مقابلے میں 5 گول کی واضح برتری دلوادی۔

میچ کے فائنل اور چوتھے کوارٹر میں پاکستانی کھلاڑیوں نے گول کرنے کے لیئے کافی کوششیں کی تاہم میچ کے اختتام سے قبل قومی ٹیم صرف ایک ہی گول کرپائی،یہ گول ارسلان قادر نے 52 ویں منٹ میں کیا جس کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کا کوئی بھی حملہ کارآمد نہیں ہوسکا اور یوں پاکستان کو 3 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم نے اپنے افتتاحی میچ میں کینیڈا کو ایک کے مقابلے میں 3 گول سے شکست تھی۔پاکستان اپنا اگلا میچ اتوار کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔