نوجوان بابر اعظم میں ویرات کوہلی جیسی صلاحیتیں موجود ہیں: مکی آرتھر

Babar Azam and Virat Kohli

Babar Azam and Virat Kohli

لاہور (جیوڈیسک) ہملٹن ٹیسٹ میں جہاں پاکستان کا کوئی بلے باز کیوی گیند بازوں کا سامنا نہیں کر پایا تھا، وہیں بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے 90 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ نوجوانی میں ہی اتنے اچھے کھیل کا مظاہرہ کرنے والے بابر اعظم مستقبل کے بہترین کھلاڑی بن سکتے ہیں۔

اس عمر میں بابر اعظم اتنے ہی اچھے طریقے سے کھیل رہے ہیں، جتنے اچھے ویرات کوہلی تھے۔ خیال رہے کہ قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے 22 سالہ بابر اعظم نے اب تک تین ٹیسٹ میچوں میں 46.40 کی اوسط جبکہ 18 ون ڈے میچوں میں 52.11 کی اوسط سے رنز بنائے ہیں۔ بابر اعظم اب تک ون ڈے میچوں میں تین سینچریاں اور پانچ ںصف سینچریاں اپنے نام کر چکے ہیں۔

نیوزی لینڈ نے 30 سال بعد پاکستان کو حالیہ ٹیسٹ سیریز میں شکست دی ہے تاہم ہیڈ کوچ مکی آرتھر اب بھی ٹیم پرامید ہیں کہ قومی ٹیم آسٹریلیا کیخلاف ضرور کم بیک کرے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم آسٹریلیا کیخلاف عمدہ کھیل پیش کرنے کیلئے تیار ہے۔ دورہ نیوزی لینڈ سے ہمیں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کیلئے مدد ملے گی۔

شیڈول کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 15 دسمبر سے برسبین میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ سے ہوگا۔ اس کے بعد 26 سے 30 دسمبر تک میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں دوسرا جبکہ تیسرا ٹیسٹ میچ 3 سے 7 جنوری تک سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔