بدین میں وڈیرے کی جانب سے اسکول پر تالا، بچے اسکول کے باہر ہی تعلیم حاصل کرنے لگے

Badin School

Badin School

بدین (عمران عباس) بدین میں وڈیرے کی جانب سے اسکول پر تالا ، بچے اسکول کے باہر ہی تعلیم حاصل کرنے لگے، سینکڑوں بچوں کا مستقبل خراب ہونے کا خدشہ، تفصیلات کے مطابق بدین کے شہر میں گاؤں حاجی فقیر محمد سومرو میں بدین کے ایک بااثر وڈیرے نے ایک نجی ادارے کو اپنی زمین تعلیم کے لیئے وقف کی۔

جہاں پر اس نجی ادارے نے ایک شاندار اسکول کی عمارت قائم کی اور وہاں پر دو سو سے زائد بچے تعلیم حاصل کرنے لگے، نجی ادارے کا حکومت سے کونٹریکٹ ختم ہونے کے بعد وہاں پر گورنمنٹ کے اساتذہ تعلیم دینے لگے، جیسے ہی گرمیوں کی چھٹیاں ہوئیں اس با اثر وڈیرے نے اسکول کے اندر موجود فرنیچر کو غائب کروادیا۔

اسکول کے نام کی لگی تختی پر رنگ کرواکر اسکول کو تالے لگوادیئے، گرمیوں کی چھٹیاں ختم ہوئیں تو بچے اور اساتذہ اسکول پہنچے جہاں پر ان کو پتہ چلا کہ اسکول پر قبضہ ہوچکا ہے جس کے بعد انہوں نے اسکول کے مین گیٹ کےسامنے ہی کلاس لگائی اور بچوں نے پڑھنا اور اساتذہ نے پڑھانا شروع کردیا، میڈیا والے اس واقع کی خبر سن کر وہاں پہنچی تو بچوں نے وڈیرے کے خلاف سخت احتجاج کیا۔

بچوں اور اساتذہ کا کہنا تھا کہ دو سو سے زائد بچوں کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے، انہوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ اسکول سے بااثر وڈیرے کا قبضہ ختم کرواکر بچوں کو تعلیم جیسے زیور سے محروم ہونے سے بچایا جائے۔