بغداد: جیل سے 40 قیدی فرار، فائرنگ تبادلے میں 30 قیدی ہلاک

Baghdad  jail

Baghdad jail

بغداد (جیوڈیسک) عراق میں قیدیوں نے جیل عملے کو یرغمال بنا کر فرار ہونے کی کوشش کی، جس کے دوران دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 30 قیدی ہلاک اور 40 فرار ہوگئے ہیں۔

ایک غیرملکی میڈیا کے مطابق دارالحکومت بغداد کے قصبے خالص میں قیدیوں نے جیل عملے سے اسلحہ چھین کر انہیں یرغمال بنانے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم اس موقع پر دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 30 قیدی اور عملے کے 6 اہلکار ہلاک ہوگئے، جبکہ 40 قیدی فرار ہوگئے ہیں۔ عملے کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے تمام قیدی دہشت گردی کے الزام میں قید تھے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق 1 قیدی نے اہلکار سے اسلحہ چھین کر اسے یرغمال بنایا۔

جس کے بعد اس نے بیرکوں سے مزید قیدی چھڑائے اور اسلحہ خانے پر قبضہ کرلیا، تاہم جیل عملے اور قیدیوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ بریگیڈئیر جنرل سعد مان کے مطابق قیدیوں اور جیل عملے کے درمیان ہونے والی فائرنگ کے تبادلے میں 1 لیفٹیننٹ اور 5 پولیس اہلکار ہلاک اور 30 قیدی مارے گئے ہیں۔ 40 قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن میں 9دہشت گردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں اور دیگر معمولی جرائم میں قید تھے۔