بغداد میں خودکش کار بم دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک، 6 زخمی

Baghdad Suicide Blast

Baghdad Suicide Blast

بغداد (جیوڈیسک) عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایک خودکش کار بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے۔ جمعہ کی شب الکرادہ کے علاقے میں ہونے والی کارروائی کی ذمے داری دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کی ہے۔

عراقی وزارت داخلہ کے ترجمان سعد معن نے ایک اخباری بیان میں بتایا کہ دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی کے ذریعے حملہ ابو نواس اسٹریٹ پر کیا گیا جو ایک گنجان آباد علاقہ ہے۔

دھماکے میں محکمہ ٹریفک کے زیر انتظام گاڑیوں کے ایک گیراج کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 4 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جب کہ 6 زخمی ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک پولیس افسر اور تین پولیس اہل کار شامل ہیں۔ وزارت داخلہ کے مطابق گیراج میں کھڑی گاڑیوں کی ایک بڑی تعداد میں آگ بھی لگ گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران الکرادہ کے علاقے کو پابندی کے ساتھ نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ بغداد میں ہونے والے اکثر خودکش حملوں کی ذمے داری داعش تنظیم نے قبول کی ہے۔

الکرادہ میں خون ریز ترین دھماکا جولائی 2016 میں ہوا تھا جب گولہ بارود سے بھرے ایک ٹرک کے ذریعے دو تجارتی کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کے نتیجے میں 320 سے زیادہ افراد مارے گئے تھے۔