آل کراچی کورنگی بلوچ چیلنج کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں مزید 4 میچوں کے فیصلے ہوگئے

Football

Football

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کورنگی بلوچ فٹ بال کلب کے زیر اہتمام کورنگی بلوچ فٹ بال اسٹیڈیم شرافی گوٹھ پر جاری آل کراچی کورنگی بلوچ چیلنج فٹ بال ٹورنامنٹ میں مزید 4میچوں کے فیصلے ہوگئے ۔پہلے میچ میں ینگ اتحاد بلدیہ ٹائون نے مد مقابل محفوظ الیون کو 2-0سے شکست دیدی فاتح ٹیم کی جانب سے امن 48اور یوسف نے 88ویں منٹ میں گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ۔

دوسرے میچ میں برمامحمڈن نے مد مقابل ملیر نیشنل کو 1-1گول سے برابری کے بعد پنالٹی ککس پر 4-3سے مات دیدی ،تیسرے میچ میں شفیع الیون ملیر نے سخت مقابلے کے بعد مد مقابل برما محمڈن کو 2-1سے ڈھیر کردیا ،شفیع الیون کی جانب سے شہریارنے کھیل کے 5اور ثناء اللہ نے 36ویں منٹ پر گول اسکور کئے جبکہ برما محمڈن کا واحد گول عرفان نے کھیل کے 28ویں منٹ میں اسکور کیا ۔چوتھے اور آخری میچ میں ہزارہ محمڈن نے ایک سخت اور کانٹے دار مقابلے کے بعد ملیر شاہین کو پنالٹی ککس پر 6-5سے شکست دیدی کھیل کے دوران مقابلہ ایک ایک گول سے برابری پر ختم ہوا ۔ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے میچوں میں ریفریز کے فرائض جمیل ناز ،مجاہد ،اسلام الدین ،عبدالرحمن ،شاہنواز اور نذیر احمد نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر گل محمد کامریڈ اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے ۔