ہم بلوچستان کو ترقی سے ہمکنار کر کے دکھائیں گے، چوہدری نثار

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستانی وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ ہمارادشمن چاہے جتنا بھی موذی اور بے ایمان کیوں نہ ہوہماری بہادر قوتوں نےان کو نیست و نابود کر دیا ہے، ہم مذہب کے نام پر بھی فساد پھیلانے والوں کا قلع قمع کرکے ہی دم لیں گے۔

چوہدری نثار نے ایک پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا دہشتگردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، کچھ لوگ بلوچستان اور پاکستان میں امن نہیں چاہتے ، وہ صوبے کے نوجوانوں کو استعمال کرکے خون خرابہ کرنا چاہتے ہیں جب کہ پاکستان میں موجود کچھ لوگ ہمارے ازلی دشمن سے پیسا لے کرعیش کرتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے بڑے مسائل دیکھے ہیں بہت قربانیاں دی ہیں لیکن سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور کوششوں سے بلوچستان میں امن بحال ہوا اور خوشی ہے کہ ایف سی اپنی ذمے داری سے بڑھ کر کردار ادا کررہی ہے امن ، تعلیم اور دیگر شعبوں میں ایف سی کا کردار حقوق العباد کی ادائیگی ہے ایف سی اس اچھے کام کو جاری رکھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ دن دور نہیں جب دہشتگردی مکمل ختم ہو جائے گی اور بلوچستان کی ترقی ساری دنیا دیکھے گی۔ بلوچستان اور پورے ملک میں مذہب کے نام پر فساد پھیلانے والے اور تخریب کاروں کا مکمل قلع قمع کرکے دم لیں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت نے 2 سال میں عام بجٹ کے علاوہ بھی سیکیورٹی پر 70 ارب روپے خرچ کیے وزیراعظم سے ایف سی کی مزید مدد کی درخواست کروں گا۔