بلوچستان ہاؤس وزیراعلیٰ ثنا زہری کیلیے سیکیورٹی رسک بن گیا

Sanaullah Zehri

Sanaullah Zehri

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آبادکے ریڈزون میں واقع بلوچستان ہاؤس وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ زہری کیلیے سیکیورٹی رسک بن گیا۔

مصدقہ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے بلوچستان ہاؤس کوسیکیورٹی رسک قراردیتے ہوئے اسلام آبادآمدکے دوران یہاں قیام نہ کرنے کافیصلہ کیاہے، یہی وجہ ہے کہ وزارت اعلیٰ کامنصب سنبھالنے کے بعدسے اب تک نواب ثنااﷲ زہری نے یہاں قیام کی بجائے اسلام آبادکے مہنگے ترین ہوٹل میں قیام کوترجیح دی۔

ذرائع نے بتایا ثنا اﷲ زہری نے انتخابی مہم کے دوران اپنے قافلے پرخودکش حملے میں بیٹے اوربھائی کی شہادت کے بعدسیکیورٹی سے متعلق زیادہ محتاط رویہ اختیارکرتے ہوئے کسی بھی قسم کارسک نہ لینے کافیصلہ کیاہے تاہم ایکسپریس کے رابطے پروزیراعلیٰ کے قریبی حلقوں نے بتایاثنا اﷲ زہری سیکیورٹی مسائل کے پیش نظربلوچستان ہاؤس میں قیام نہیں کررہے لیکن اس کے باوجودسرکاری اجلاس اورمصروفیات کیلیے یہاں اجلاس کرتے ہیںجبکہ اپنے قیام کے اخراجات صوبائی حکومت کی بجائے ذاتی طورپراداکرتے ہیں۔

بلوچستان ہاؤس کے ذرائع نے بتایاثنا اﷲ زہری نے وزارت اعلیٰ کے ابتدائی دنوں میں بلوچستان ہاؤس میں واقع وزیراعلیٰ کی سرکاری رہائش کی تزئین وآرائش کے احکامات جاری کرائے تاہم بعدازاں انھوں نے اسلام آباد کے ایک ہوٹل میں قیام کوترجیح دی۔