بلوچستان میں ایرانی مارٹر گولے گرنے سے ایک شخص ہلاک

Balochistan

Balochistan

بلوچستان (جیوڈیسک) پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایران کی جانب سے مبینہ طور پر فائر کیے جانے والے مارٹر کے گولے پھٹنے سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔

پنجگور میں انتظامیہ کے ایک سینیئر اہلکار نے بتایا کہ ایران کی جانب سے مارٹر کے متعدد گولے فائر کیے گئے۔

مارٹر کے گولے ضلع کے سرحدی علاقے میں گر کر زوردار دھماکوں کے ساتھ پھٹ گئے۔ انتظامیہ کے اہلکار کے مطابق پاکستانی حدود میں گرنے والے ان مارٹر گولوں کی زد میں ایک گاڑی آ گئی۔

اہلکار کا کہنا تھا کہ گولہ پھٹنے سے نہ صرف گاڑی کو نقصان پہنچا بلکہ اس میں سوار ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا۔

واضح رہے کہ ایران سے بلوچستان کے پانچ اضلاع کی سرحدیں ملتی ہیں جن میں چاغی، پنجگور، واشک، کیچ اورگوادر شامل ہیں۔

پنجگور کے علاوہ ان اضلاع میں سے بعض دیگر اضلاع کے سرحدی علاقوں میں بھی ایران کی جانب سے فائر کیے جانے والے گولے گرتے رہے ہیں۔