آج سے بلوچستان، خیبرپختونخوا، پنجاب اور کشمیر میں بارش کا امکان

Rainy Weather

Rainy Weather

لاہور (جیوڈیسک) ملک کے مختلف علاقوں میں گرجتے برستے بادلوں کا راج ہے۔ راولپنڈی، اسلام آباد میں گزشتہ روز سے آسمان سے بوندیں گرنے سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ موتیوں کی طرح گرنے والے قطروں نے جڑواں شہروں میں ہر منظر بھگو دیا۔

باغوں کے شہر لاہور میں سرمئی بادلوں کے سائبان تلے ٹھنڈی ہواؤں اور آسمان سے گرتی پھوار نے موسم سہانا بنا رکھا ہے۔ ملکہ کوہسار مری پر بھی بادل برسے تو اس کا ملکوتی حسن اور نکھر گیا۔ سیاحوں نے بھی موسم کا مزہ خوب اٹھایا۔ پشاور میں بھی ابر کرم برسا توجاتی ہوئی سردی تھم گئی۔

آسمان پر سیاہ بادلوں نے سائبان تان رکھا ہے۔ ملتان میں بھی رم جھم اور ہلکی بارش نے سحر طاری کر رکھا ہے ۔ فیصل آباد اور گردو نواح میں بھی ہلکی اور تیز بارش نے موسم کی رنگینی بڑھا دی۔ ساہیوال ، بھمبرآزاد کشمیر ، قائد آباد اور دیگر علاقوں میں برستے بادل زمین کی پیاس بجھا رہے ہیں۔

کوئٹہ ، کچلاک، مستونگ، پنجگور ، پسنی اور بلوچستان کے دیگر علاقے بھی بارشوں لی لپیٹ میں ہیں اور خنکی بھی بڑھ گئی۔

موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں کہ آج اور کل مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، راولپنڈی ڈویژن، میں موسلا دھار بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ بارشوں کا نیا سلسلہ رواں ہفتے کے اختتام تک جاری رہے گا۔