بلوچستان پر مودی کا بیان پاکستان میں بھارتی ریاستی مداخلت کا کھلا اعتراف ہے: نفیس زکریا

Nafees Zakaria

Nafees Zakaria

اسلام آباد (جیوڈیسک) دفتر خارجہ نے بلوچستان سے متعلق نریندر مودی کے خطاب کو پاکستان میں بھارتی ریاستی مداخلت کا کھلا اعتراف قرار دے دیا۔ ترجمان دفتر خاجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کا بیان مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا نریندر مودی کا خطاب جموں و کشمیر میں ریاستی مظالم پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش ہے ۔ پاکستانی عوام بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی تخریبی کارروائیوں کا شکار ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ کے بعد پیپر شاٹ گنز کا استعمال بھارتی درندگی کا ثبوت ہے ۔ معصوم کشمیریوں پر طاقت کا استعمال کسی صورت قبول نہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف آئندہ ماہ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ بھرپور انداز میں اٹھائیں گے۔