بلوچستان: نیشنل ایکشن پلان کے تحت تمام این جی اوز کی چھان بین

Balochistan Government

Balochistan Government

کوئٹہ (جیوڈیسک) حکومت بلوچستان نے نیشنل ایکشن پلان کےتحت صوبے میں تمام این جی اوز کی چھان بین شروع کر دی ہے، تمام این جی اوز کا ڈیٹا، آمدنی کے ذرائع اور دیگر ضروری تفصیلات طلب کرلی گئیں۔

ڈائریکٹر جنرل سماجی بہبود بلوچستان ڈاکٹر کہور خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بلوچستان میں محکمہ سماجی بہبود کے پاس تقریبا 15 سو این جی اوز رجسٹرڈ ہیں، ان میں سے صرف ایک سو فعال ہیں، باقی 14 سو غیرفعال ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبے کی تمام این جی اوز کی چھان بین شروع کی گئی ہے اور اس سلسلے میں تمام این جی اوز کا ڈیٹا، آمدنی کے ذرائع اور دیگر ضروری تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

اب تک صرف 5 این جی اوز اپنے ریکارڈ پیش کرسکی ہیں۔ ڈاکٹر کہور خان نے بتایا کہ صوبے میں غیر مناسب سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر2 این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کردی گئی ہے۔