بلوچستان میں ہر قیمت پر امن قائم کیا جائے گا : آرمی چیف

Qamar Javed Bajwa

Qamar Javed Bajwa

خضدار (جیوڈیسک) سی پیک پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا بلوچستان پاکستان کا دل ہے جس کی ترقی پاکستان کی ترقی سے منسلک ہے۔ 25 ہزار جوان پاک فوج میں خدمات انجام دے رہے ہیں جس میں سے 600 سے زائد افسران ہیں۔

ماضی میں بلوچستان میں فوج کی نمائندگی انگلیوں پر گنی جا سکتی تھی۔ بلوچستان میں ہر قیمت پر امن قائم کیا جائے گا اور وعدہ ہے صوبے کے ہر علاقے کو ترقی دیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا دشمن بلوچستان میں بدامنی پیدا کرنا چاہتے جس کو ناکام بنا دیا ہے۔

خوشی ہے کہ بلوچستان کے نوجوان امن، ترقی اور خوشحال کی جانب گامزن ہیں۔ پاک فوج صوبے میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بھی اپنی خدمات انجام دے رہی ہے۔ 25 ہزار سے زائد صوبے کے بچے آرمی اور ایف سی کے اسکولوں میں زیر تعلیم ہیں۔

بلوچستان کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے جو صحیح سمت میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ آرمی چیف نے کہا اقتصادری راہداری منصوبہ بلوچستان سمیت ملک کی تقدیر بدلنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

تقریب میں وزیراعلٰی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹننٹ جنرل عامر ریاض، وفاقی وزراء، آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم انجم اور دیگر حکام کے علاوہ مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات بھی شریک تھے۔