بلوچستان میں اکثر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

Rain

Rain

کوئٹہ (جیوڈیسک) راولپنڈی، اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود ہے، بلوچستان میں آج اکثر مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ متوقع بارشوں کے بعد بلوچستان کے برساتی نالوں میں ممکنہ طغیانی کے باعث قریبی آبادیوں کو آئندہ دو روز کے دوران محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

راولپنڈی اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود ہے جبکہ جمعرات سے ہفتہ کے دوران بارش کا امکان ہے، آئندہ دو روز کے دوران بلوچستان کے اکثر علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کا امکان جس کے باعث کیچ، پنجگور، آواران، خضدار، قلات، بولان، جھل مگسی، سبی، ہرنائی، کوہلو، لورالائی اور کوئٹہ اضلاع کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

قریبی آبادیوں میں مقیم افراد کو اس دوران محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ جمعہ ، ہفتہ کے دوران اسلام آباد، خیبرپختونخواہ، فاٹا، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

آئندہ تین روز کے دوران گندم کی کاشت کے بارانی علاقوں اور چنے کی کاشت کے علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ متوقع بارش کے بعد پنجاب کے علاقوں میں دھند ختم ہو جائیگی۔ مارچ کے مہینے میں ملک میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی ہے۔