بنگلہ دیشی بھی بھارت کو موقع موقع گا کر چڑانے لگے

Bangladesh Team

Bangladesh Team

ڈھاکا (جیوڈیسک) شرمناک شکست کے بعد بھارتی کرکٹرز کو بنگلہ دیشی شائقین نے بھی ’’موقع موقع‘‘ گا کر خوب چڑایا، بنگال ٹائیگرز نے اتوار کو ہوم گرائونڈز پر مسلسل دسویں کامیابی ریکارڈ کرائی تھی جس سے اسے چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کا اعزاز بھی حاصل ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت سے دوسرے ون ڈے میں بنگلہ دیشی شائقین کا جوش و خروش بھی عروج پر تھا، اپنی ٹیم کی مضبوط پوزیشن دیکھ کر انھیں بھارتی کھلاڑیوں کو چھیڑنے کا موقع مل گیا اور وہ ’موقع موقع‘ گا کر ان کا مذاق اڑاتے رہے۔

یاد رہے کہ بھارتی میڈیا میں ورلڈ کپ کے دوران موقع موقع کے عنوان سے میڈیا مہم میں پاکستان اور بنگلہ دیشی ٹیموں کا خوب مذاق اڑایا گیا تھا۔بنگلہ دیش نے بھارت کے خلاف ابتدائی دونوں مقابلے جیت کر تین میچز کی سیریز میں 2-0 کی حتمی برتری حاصل کرلی، یہ اس کی ہوم گرائونڈز پر مسلسل دسویں فتح ہے۔

ٹیم نے زمبابوے کے خلاف 5، پاکستان سے 3 اور بھارت کیخلاف اب تک 2 میچز جیت لیے ہیں، یہ بنگال ٹائیگرز کی 31 مقابلوں میں بھارت پر پانچویں فتح بنی،اس وقت آئی سی سی رینکنگ میں بنگلہ دیش کے 93 پوائنٹس ہیں، اگر وہ آخری میچ اور جنوبی افریقہ سے تین میچز کی سیریز میں وائٹ واش کا شکار بھی ہوگیا تب بھی90 پوائنٹس رہیں گے، یوں ویسٹ انڈیز (88 پوائنٹس ) آٹھویں نمبر پر رہے گا۔

اس طرح بنگال ٹائیگرزکے چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔ دریں اثنا مستفیض الرحمان نے کیریئر کے ابتدائی2میچز میں11 وکٹیں لیں جو ون ڈے تاریخ میں کسی بھی بولر کی جانب سے دھماکے دار انٹری ہے،انھوں نے دوسرے ون ڈے میں 43 رنز کے عوض 6 وکٹیں لیں۔

یہ کسی بھی بنگلہ دیشی بولر کی جانب سے تیسری بہترین کارکردگی ہے۔ شکیب نے اتوار کو اپنے کیریئر کا 36 واں ففٹی پلس اسکور بنایا، اس طرح انھوں نے تمیم کا قومی ریکارڈ برابر کردیا، دونوں ہی اب تک 145 ون ڈے اننگز کھیل چکے ہیں۔ شکیب نے صرف بھارت کے خلاف 13 اننگز میں7 ففٹی پلس اسکور بنائے۔