بنگلا دیش نے نیوزی لینڈ کو چیمپئنز ٹرافی سے باہر کر دیا

Bangladesh

Bangladesh

کارڈف (جیوڈیسک) چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں بنگلا دیشی ٹیم نے اپنے مدمقابل نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ٹورنامنٹ سے ہی باہر کر دیا ہے۔ کیویز نے بنگلا دیش کو جیت کیلئے 266 رنز کا ہدف دیا جو اس نے صرف 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کی ٹیم میدان میں اتری تو صرف 33 کے سکور پر اس کے چار کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ ابتدائی کھلاڑیوں میں تمیم اقبال صفر، سومیا سرکار 3، صابر رحمان 8 اور مشفق الرحیم صرف 14 رنز بنا سکے۔

اس کے بعد شکیب الحسن اور محمود اللہ مرد میدان ثابت ہوئے۔ دونوں بلے بازوں کی عمدہ بیٹنگ نے بنگلا دیشی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ نیوزی لینڈ کا کوئی بھی باؤلرز اس جوڑی کو جلد آؤٹ کرنے میں ناکام رہا۔ دونوں بلے بازوں نے شروع میں محتاط انداز اپنائے رکھا، تاہم سیٹ ہوتے ہی انہوں نے کیوی باؤلرز کی درگت بنانا شروع کر دی۔

شکیب الحسن اور محمود اللہ نے سنچریاں بنائیں۔ تاہم میچ کے آخری اوور میں ٹرنٹ بولٹ شکیب الحسن کو بولڈ کرنے میں کامیاب رہے۔ شکیب الحسن نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 114 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔ دوسری جانب محمود اللہ نے 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 102 رنز کی ناؤٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ بنگلا دیش نے سینتالیس اعشاریہ دو اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی کامیاب گیند باز رہے جنہوں نے بنگلا دیش کے ابتدائی تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل کیویز کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مارٹن گپٹل اور لیوک رونچی میدان میں اترے اور ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا۔ تاہم سکور 46 تک پہنچا تو رونچی کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ رونچی صرف 16 رنز بنا سکے۔

تسکین احمد کی گیند پر مستیض الرحمان نے ان کا کیچ لیا۔ نیوزی لینڈ کے دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز مارٹن گپٹل تھے جنہوں نے 33 رنز بنائے۔ روبل حسین نے انھیں ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد کپتان کین ولیمسن اور روز ٹیلر کی جوڑی نے ٹیم کے سکور کو 150 سے زائد تک پہنچایا۔ کیویز کی تیسری وکٹ 152 رنز پر گری جب ولیمسن رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

کین ولیمسن نے شاندار بلے بازی کی اور 57 رنز بنائے۔ اس کے بعد ذمہ داری سے بیٹنگ کر رہے روز ٹیلر بھی کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ٹیلر نے 63 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ اس کے بعد آنے والے کھلاڑی مچل سینٹنر صفر جبکہ ایڈم ملنے 7 رنز بنا سکے۔ یوں نیوزی لینڈ نے مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 265 رنز بنائے۔

بنگلا دیش کی جانب سے مصدق حسین کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ دیگر گیند بازوں میں تسکین احمد 2 جبکہ مستفیض الرحمان اور روبل حسین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔