بینکوں کو اے ٹی ایمز میں کرنسی کا وافر اسٹاک رکھنے کی ہدایت

ATM

ATM

فیصل آباد (جیوڈیسک) بینک دولت پاکستان نے تمام شیڈولڈ بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ماہ صیام کے آغاز سے لے کر عید الفطر تک اپنے اپنے بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں میں کرنسی کا وافر اسٹاک رکھیں تاکہ عید الفطر تک صارفین کو رقم نکلوانے میں کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

نیز تمام بینکوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنی خراب اے ٹی ایم مشینیں 48 گھنٹوں کے اندر اند ر درست کروا کر انہیں چالو حالت میں لائیں ورنہ ان کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور اس ضمن میںکوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

اسٹیٹ بینک فیصل آباد کے ذرائع نے بتا یا کہ مختلف بینکوں کے کھاتے داران کی جانب سے اسٹیٹ بینک کے مجاز حکام کے علم میں یہ بات لائی گئی ہے کہ گزشتہ سال ماہ صیام کے دوران بالعموم اور عید الفطرپر بالخصوص اکثر بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں میں کرنسی ختم ہو گئی تھی جبکہ کئی مشینیں آؤٹ آف آرڈر بھی تھیں جس کے باعث اے ٹی ایم صارفین کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں اپنے اہم معمولات کی سرانجام دہی میں بھی سخت دشواری پیش آئی۔

انہوںنے بتا یا کہ تمام بینکوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ماہ صیام کے آغاز سے لے کراختتام تک روزانہ کی بنیاد پر اے ٹی ایم مشینوں کی ورکنگ کو چیک کریں اور چھٹیوں کے دوران بھی اے ٹی ایم مشینوںمیں وافر کرنسی موجود رکھی جائے۔ ا نہوںنے کہا کہ اس ضمن میں کسی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔