بارسلونا: محمد صفدر کی میت 2 سال بعد مسلم قبرستان منتقل

Mohammad Safdar Deceased

Mohammad Safdar Deceased

بارسلونا (شفقت علی رضا) دو سال قبل بارسلونا کے مقامی ہسپتال میں وفات پانے والے محمد صفدر کو مقامی انتظامیہ نے لا وارث قرار دے کر مونجوئیک قبرستان میں دفن کر دیا تھا۔

ہسپتال اور مقامی بلدیہ نے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا کو محمد صفدر کی وفات کی اطلاع دینے میں تاخیر کی ،جب قونصلیٹ آفس اطلاع دہندہ تک پہنچا تب تک میت کو لاوارث قرار دے کر دفنا یا جا چکا تھا ۔اس واقعہ سے سپین میں مقیم مسلمان کمیونٹی میں غم و غصہ پایا جانا فطری عمل تھا ،کمیونٹی کا کہنا تھا کہ محمد صفدر مسلمان تھا اور اسے یہاں لاوارث قرار دے کر دفنایا نہیں بلکہ جلایا گیا ہے جو سراسر زیادتی ہے ۔قونصل جنرل بارسلونا اور ویلفیئر قونصلر نے کمیونٹی کو یقین دلایا کہ وہ محمد صفدر کی میت کومونجوئیک قبرستان سے نکال کر سیردانیولا مسلم قبرستان میں دفن کریں گے۔

مقامی انتظامیہ سے رابطہ کئے جانے پر معلوم ہوا کہ سپانش قانون کے مطابق تدفین شدہ میت دوسال سے پہلے قبر کشائی کرکے نہیں نکالی جا سکتی ۔سپین میں مقیم مسلمان کمیونٹی تک یہ پیغام پہنچا یا گیا لیکن معززین اس تسلی پر مشکوک نظر آئے کمیونٹی یہ شک کر رہی تھی کہ محمد صفدر کو جلایا گیا ہے لیکن قونصلیٹ آفس اس بات کو چھپا رہا ہے ۔دو سال انتظار کرنے کے بعد آج قونصل جنرل بارسلونا مراد اشرف جنجوعہ ، ویلفیئر اتاشی محمد اسلم خان غوری ، پاک فیڈریشن سپین کے سر پرست اعلیٰ چوہدری عبدالغفار مرہانہ ،سماجی شخصیت علی رشید بٹ اور نمائندہ روزنامہ جنگ اور جیو نیوز سپین کی موجودگی میں قبر کشائی کی گئی ، محمد صفدر کی میت کو پرانے تابوت سے نکال کر جب نئے تابوت میں منتقل کیا گیا تو سب نے دیکھا کہ میت کو جلایا نہیں گیا تھا۔

محمد صفدر کی میت کو مونجوئیک قبرستان سے مسلم قبرستان میں منتقل کیا گیا جہاں مقامی اتھارٹیز کے ساتھ قونصل جنرل بارسلونا اور ویلفیئر اتاشی نے اپنے ہاتھوں سے محمد صفدر کی میت کو لحد میں اتارا اور اس کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لئے دُعا کی ۔اس موقع پر قونصل جنرل نے روزنامہ جنگ اور جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج کمیونٹی اور قونصلیٹ کے درمیان پایا جانے والا ابہام ختم ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بہت ہی حساس معاملہ تھا کیونکہ مسلمان غم و غصہ میں تھے اور مقامی انتظامیہ قبر کشائی کے دو سالہ قانون کے ہاتھوں مجبور تھی ،لیکن سب کی کوششیں رنگ لائیں اور آج ہم اپنے مسلمان بھائی کی میت کو مسلم قبرستان میں منتقل کرنے میں کامیاب ہوگئے ۔ محمد صفدر کی میت کو مسلم قبرستان میں منتقل کئے جانے پر سپین میں مقیم مسلمان کمیونٹی کے معززین نے قونصلیٹ آفس بارسلونا ، سفارت خانہ پاکستان میڈریڈ اورسپین کی مقامی گورنمنٹ کا شکریہ ادا کیا ہے۔