بشارالاسد مختصر مدت کیلئے شام کے صدر رہ سکتے ہیں: برطانوی وزیراعظم

David Cameron

David Cameron

لندن (جیوڈیسک) برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے اپنے اتحادی امریکہ کے موقف کے برعکس کہا ہے کہ شامی صدر بشارالاسد عبوری حکومت کا حصہ ہوسکتے ہیں۔ڈیوڈ کیمرون نے سکائی نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں یہ بات کہی ہے۔

ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ بشارالاسد عبوری حکومت کا حصہ ہوسکتے ہیں لیکن وہ ایک معاملے میں بڑے واضح ہیں کہ شامی صدر ملک کے مستقبل کا تادیر حصہ نہیں ہوسکتے ہیں۔قبل ازیں سنڈے ٹیلی گراف نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا تھا کہ وزیراعظم کیمرون شام میں قومی اتحاد کی حکومت کے قیام کی صورت میں بشارالاسد کو مختصر عرصے کیلئے اقتدار میں رکھنے کے حق میں ہیں۔

دوسری جانب شام کے وسطی شہر حمص میں صدر بشارالاسد کی وفادار فوج نے باغیوں کے زیر قبضہ ایک رہائشی علاقے پر میزائل فائر کیا ہے جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے اطلاع دی ہے کہ میزائل حملے میں مرنے والوں میں چار بچے اور چارخواتین شامل ہیں۔