جنگ بدر میں مسلمانوں کیلئے قابل تقلید بہت سے مثالیں موجود ہے۔زبیرحفیظ

Islami Jamiat Talba

Islami Jamiat Talba

لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ غزوہ بدر اللہ پر کامل یقین کا درس دیتا ہے اور امت مسلمہ کو پیغام دیتا ہے کہ جب مسلمانوں نے اللہ کے بھروسے پر اللہ کی راہ میں جدوجہد کی وہ کامیاب رہے مسلمانوں کی تاریخ غزوہ بدر جیسے عظیم الشان معرکوں سے بھرپور ہیں جن میں اللہ نے مسلمانوں کی غیب سے مدد فرمائی اور مسلمانوں نے محدود وسائل کے باوجود بڑی جنگوں میں فتوحات حاصل کیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ غزوہ بدر مسلمانوں کی تاریخ کا ایک ایسا روشن باب ہے جس کہ ہدایت کا سر چشمہ ہے اور آج بھی مسلمان اللہ پر کامل یقین کریں اور دنیا میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جدجہد کریں تو کامیابی ان کا مقدر ہوگی۔ غزوہ بدر مسلمانوں اور کفار مکہ کے درمیان فیصلہ کن معرکہ ثابت ہوا جو مسلمانوں کے لیے فتح کا پیغام لایا تھا،

مگر آج امت مسلمہ کفار کے ساتھ مذاکرات اور مفاہمت کے تحت ساتھ چل رہی ہے جس کا براہ راست نقصان مسلمانوں کو ہورہا ہے اور مسلمان چنیا بھر میں کفار کے ظلم کا نشانہ بن رہے ہیں۔ مسلمانوں کو اپنا عروج دوبارہ حاصل کرنے کے لیے اللہ پرکامل یقین کے ساتھ کفر کے ساتھ بر سر پیکار ہونا ہوگا اور اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کو قائم کرنے کے لیے جدوجہد کرنی ہوگی غزوہ بدر کی بدولت ہی مسلمانوں نے عرب و عجم میں اسلامی حکومتیں قائم کیں اور دنیا کے بڑے رقبے پر اللہ کا نظام قائم کیا

مگر آج امت مسلمہ اس یقین اور اعتماد سے محروم نظر آرہی ہے جو غزوہ بدر میں شامل ہر مسلمان کے پاس تھا اور انہیں اللہ کی ذات پر مکمل اعتماد تھا۔زبیر حفیظ کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے لیے قرآن ہدایت کا سر چشمہ ہے اور مسلمان قرآن کے بتائے ہوئے راستوں سے بھٹکے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے امت مسلمہ ظلم و بربریت کا شکار ہے۔مسلمانوں کو قرآن سے رشتہ جوڑنا ہوگا اور غزوہ بدر کی طرح کفر کے خلاف اسلامی انقلاب کے لیے جدوجہد کرنی ہوگی۔

غزوہ بدر مسلمانوں کی تاریخ کا ایک ایسا پیغام ہے جس میں مسلمانوں کے لیے ہدایت موجود ہے اور اسلامی جمعیت طلبہ کے نوجوان اس ملک میں غزوہ بدر کے پیغام کو عام کرنے کا جو بیڑہ اٹھائے ہوئے ہیں اور کامیابی کی جانب ان کا اہم قدم ثابت ہوگا۔واضح رہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان نے 17واں رمضان المبارک کو یوم البدر کے طور پر منایا اس حوالے سے ملک کے مختلف تعلیمی اداروں میں پروگرامات کا انعقاد کیا

سید امجد حسین بخاری
مرکزیسیکرٹری اطلاعات اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان
0334-5019016