بی بی سی کی رپورٹ میں صداقت ہے تو ایم کیو ایم پرپابندی لگا دینی چاہیئے، سرفراز بگٹی

Sarfraz Bugti

Sarfraz Bugti

کوئٹہ (جیوڈیسک) وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ پاکستان توڑنے کی سازش صرف بلوچستان سے نہیں بلکہ کراچی میں بھی ہورہی ہے اس لئے اگر بی بی سی کی رپورٹ میں صداقت ہے تو ایم کیو ایم پر پابندی لگادینی چاہیئے۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفرازبگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں بھارتی خفیہ ایجنسی “را” ملوث ہے جب کہ کراچی میں بھی “را” کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں لہذا اس چیز کو سامنے رکھنا چاہیئے کہ ملک توڑنے کی سازشیں صرف بلوچستان سے نہیں ہورہیں بلکہ کراچی میں بھی یہ ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی جانب سے ایم کیو ایم پر لگائے گئے الزامات سنجیدہ نوعیت کے ہیں اس لئے اگر ان الزامات میں صداقت ہے تو اس جماعت پر پابندی عائد کردینی چاہیئے۔

وزیرداخلہ بلوچستان کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور دہشت گردی کے خلاف شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی جانب سے دی جانے والی قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں جانے نہیں دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس، ایف سی اور دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔

جب کہ فورسز نے تازہ کارروائی میں قلعہ عبداللہ، ڈیرہ مراد جمالی، بھاگ اور پشین میں کارروائیاں کیں جس کے دوران 3 دہشت گرد گرفتار ہوئے جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔