بینظیر بھٹو قتل کیس، ایف آئی اے کو اپنے گواہوں پر شک

Federal Investigation Agency

Federal Investigation Agency

اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو قتل کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے کو اپنے ہی گواہوں پر شک، ایف آئی اے نے انسداد دہشتگردی عدالت سے استغاثہ کے تینوں گواہوں کے دوبارہ بیان قلمبند کرنے کی استدعا کر دی۔

بینظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج رائے ایوب مارتھ نے کی، ایف آئی اے کی جانب سے استدعا کی گئی کہ استغاثہ کے تین گواہوں کے بیانات میں تضاد ہے جس کا فائدہ ملزمان کو ہو سکتا ہے۔

ڈی ایس پی شعیب ، انسپکٹر الیاس ، سوہنا خان کا بیان دوبارہ قلمبند کیا جائے ، ملزمان کے وکلاء نے گواہوں کو دوبارہ طلب کرنے کی ایف آئی اے درخواست کی مخالفت کی ۔ عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر ایف آئی اے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو 27 مئی کو سنایا جائے گا۔