بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ملنے والی 4500 روپوں والی قسط پر کٹوتی

Badin ATM

Badin ATM

بدین (عمران عباس) ضلع بدین کے مسحقین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ملنے والی 4500 روپوں والی قسط پر ہر کارڈ پر 300 سے 500 روپے کی کٹوتی، بدین شہر کے اندر مختلف بینکوں پر لگی ہوئے اے ٹی ایم مشینوں پر بینکوں کے عملے کی جانب سے اپنے ایجنٹ مقرر کرکے ہر مستحق سے تین سو سے پانچ سو تک لیئے جارہے ہیں جسے بینک والے ملنے والی رقم پر آنے والا خرچہ بتا رہے ہیں۔

بینظیر انکم سپوٹ پروگرام کے تحت ملنے والی رقم کی قسط کو حاصل کرنے کے لیئے بدین شہر کے نواحی علاقوں سے آنے والے سینکڑوں مرد اور خواتین صبح صادق شہر میں پہنچ جاتے ہیں اور بینکوں کے آگے قطاروں میں کھڑے ہوکر اپنی باری کا انتظار کرتے ہیں ، مختلف بینکوں کی جانب سے مقرر کردہ ایجنٹ پیسے دینے کی صورت میں پانچ سے دس منٹ میں پیسے دے دیتے ہیں اور اگر کوئی انکار کرتا ہے تو پھر اسے اندر داخل ہونے نہیں دیا جاتا اس کام میں وہاں پر ڈیوٹی پر موجود سپاہی ان کی مدد کرتے ہیں وہ بھی اس کام میں برابر کے شریک ہوتے ہیں۔

اے ٹی ایم پر زیادہ رش ہونے اور پیسے دینے کے انکار پر بات توتو میں میں پر پہنچ جانے کے بعد بینک کا عملہ کیش ختم ہونے کا جواز بتا کر اے ٹی ایم مشینیں بند کردیتا ہے ، سارا دن قطاروں میں کھڑی عورتوں سے اوباش نوجوان بدتمیزی بھی کرتے ہیں جسے وہاں پر کھڑی پولیس کچھ نہیں کہتی، اے ٹی ایم مشین پر بدین کے نواحی شہر کڈھن سے آنے والی ضعیف العمر فاطمہ، بھڈمی سے آئی ہوئی سوڈھی، کھوسکی سے آنے والے محمد بخش اور دیگر نے اسٹیٹ بینک کے بالا حکام سے اپیل کی کہ اے ٹی ایم مشینیں بند ہونے کے باعث ہمیں سخت مشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ہے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہمارے علاقوں میں بینک تو موجود ہیں لیکن اے ٹی ایم مشین نہیں ہے اگر ہمیں ہمارے شہروں میں مشینیں لگاکردی جائیں تو ہم یہاں پر خوار ہونے سے بچ جائینگے۔