بے نظیر قتل کیس میں نامزد ملزم کو ملک سے فرار کرا دینا آئین پاکستان کے خلاف ہے، زاہد الحسن زاہدی

ZAHID UL HASSAN ZAHIDI

ZAHID UL HASSAN ZAHIDI

ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی) بے نظیر قتل کیس میں نامزد ملزم کو ملک سے فرار کرا دینا آئین پاکستان کے خلاف ہے، سابق وزیر اعظم کے قتل میں ملوث ڈکٹیٹر جسے عدالت نے بار بار طلب کیا، اسے ملک سے باہر جانے کی اجازت دینا موجودہ جابر حکمرانوں کی کھلم کھلا دہشت گردی ہے، ان خیالات کا اظہار بلاول بھٹو فورس کے مرکزی میڈیا ایڈوائزر سید زاہد الحسن زاہدی نے اپنے بیان میں کیا۔

انھوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے خلاف متعدد عدالتوں میں کیسزچل رہے ہیں، جن کا سامنا کرنے کے لئے ان کا ملک میں رہنا ضروری تھا، نواز حکومت نے بزدلی اور مکاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سابق صدر کو فرار کا راستہ فراہم کیا،پاکستان پیپلز پارٹی کو آج تک عدالتوں سے انصاف نہیں ملا، ایک متنازعہ فیصلہ کے تحت شہید ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دی گئی ، رہنماوں کو جیلوں میں ڈالاگیا اور شہید وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کو آج ملک سے فرار کر دیا گیا۔

ہم اس ظلم کے خلاف بھرپور صدائے احتجاج بلند کرتے ہیں،اور اپنے قائد بلاول بھٹو زرداری کی کال پر احتجاجی تحریک چلانے کے لئے ہر دم تیار ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اس وقت اہل ترین ہاتھوں میں ہے، پانچ سالہ دور اقتدار میں پارٹی کے جیالوں نے اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں، حقیقی بنیادی لوگ پارٹی سے کنارہ کش نہیں ہوئے، پیپلز پارٹی ہر گزرتے دن کے ساتھ عروج حاصل کر رہی ہے،ایوان صدر، ایوان بالا کے دروازے صرف پارٹی سے وفاداری دکھانے والوں کے لئے کھولے گئے۔ٹیکسلا واہ کینٹ میں پارٹی کے جیالے آج بھی جوش و جذبے کے ساتھ پارٹی کا علم بلند کئے ہوئے ہیں۔