بلال یاسین کی امجد صابری کے اہلخانہ سے تعزیت، ایدھی کی عیادت

Bilal Yasin

Bilal Yasin

لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے کراچی میں امجدفرید صابری کی رہائش گاہ پر اہل خانہ سے تعزیت کی اور دعائے مغفرت کی۔صوبائی وزیر نے وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے خصوصی تعزیتی پیغام بھی پہنچایا۔

اس موقع پر امجد صابری کے بھائی سرور صابری، عظمت صابری کے علاوہ مرحوم کے تینوں بیٹے اور قریبی عزیز و اقارب موجود تھے۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے امجد فرید صابری کے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ امجد صابری کی قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں پنجاب حکومت غمزدہ خاندان کی ہر قسم کی مدد کے لیے تیار ہے۔

اہل خانہ نے صوبائی وزیر کو ا مجد صابری کی شہادت اور بعد ازاں حالات سے متعلق حقائق بتاتے ہوئے کہاکہ امجد صابری کے اہل خانہ کو سر دست معاشی مسئلہ درپیش ہونے کے ساتھ ساتھ سکیورٹی خدشات بھی لاحق ہیں ۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے مقامی ہسپتال میں معروف سماجی خدمت گارعبد الستار ایدھی کی عیادت کی اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے گلدستہ پیش کیااور نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

اس موقع پرمحترمہ بلقیس ایدھی نے صوبائی وزیر بلال یاسین کو پنجاب سے محترم عبد الستار ایدھی کی تیمار داری کے سلسلے میں بھیجنے پر وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے نیک جذبات کا شکریہ اد ا بھی کیا۔محترم عبد الستار ایدھی نے بلال یاسین سے ہلکے پھلکے انداز میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کھڑا کرو ، ابھی بہت کچھ کرنا چاہتا ہوں۔انہوں نے وزیراعلی محمد شہباز شریف کے بارے میں نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔