بلاول بھٹو کا پہلی بار جی ٹی روڑ پر سیاسی سفر کا فیصلہ

Bilawal Bhutto

Bilawal Bhutto

لاہور (جیوڈیسک) بلاول بھٹو کا دبئی سے واپسی پر دوبارہ دبنگ انٹری دینے کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔ اس بار بلاول جلسوں سے خطاب تو کریں گے ہی مگر جلسوں میں شرکت کیلئے ریلی کی شکل میں پہنچنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ بلاول بھٹو 30 مئی کو اسلام آباد سے میر پور تک ریلی کی قیادت کریں گے۔

راولپنڈی سے دینہ اور میرپور تک میدان سجائیں گے، جی ٹی روڈ پر یہ بلاول کا پہلا سیاسی سفر ہو گا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین کراچی سے اسلام آباد آ کر آزاد کشمیر کے انتخابات کی مہم کو گرمائیں گے۔ اسلام آباد سے میر پور تک بلاول کی قیادت میں ریلی کی تیاریاں عروج پر ہیں۔

سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور دیگر قائدین بلاول کے ہمراہ ہوں گے۔ ریلی کا آغاز اسلام آباد سے ہو گا، راولپنڈی میں بلاول بھٹو کا استقبال کیا جائے گا۔ راولپنڈی سے ریلی جی ٹی روڈ پر چڑھ جائے گی، روات، گجر خان اور دینہ میں ان کا استقبال کیا جائے گا۔

دینہ سے بلاول سڑک کے راستے آزاد کشمیر میں داخل ہوں گے اور میرپور میں انتخانی جلسے سے خطاب کریں گے۔ سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو جی ٹی روڈ پر دو اضلاع سے گزریں گے۔ گجر جان سمیت جی ٹی روڈ پر ان کا جگہ جگہ بهرپور استقبال کیا جائے گا۔ میر پور میں بڑا جلسہ ہو گا۔