سیرت رسول اپنا کر ہی غلبہ اسلام کی جدوجہد کو کامیاب بنایا جا سکتا ہے، محمد یوسف

Jamaat e Islami

Jamaat e Islami

کراچی 02 جولائی 2016 (پ ر) جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی ضلع وسطی محمد یوسف نے کہا ہے کہ ایمان سب سے قیمتی متاع ہے اگر ایمان و یقین کی شمع بجھ جائے تو سارے فلسفے ناکام ہو جاتے ہیں۔ اس بات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون نارتھ کراچی کے تحت جامع مسجد عبدالعزیز سیکٹر 5M میں شب بیداری کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیرت رسولۖ اپنا کر ہی غلبہ اسلام کی جدوجہد کو کا میاب بنایا جا سکتا ہے۔ قرآن، سیرت رسول اور صحابہ کرام کی تعلیمات قیامت تک کے لئے روشن ستاروں کی مانندرہیں گی۔

جن لوگوں کے لئے اللہ تعالیٰ نے قرآن میں سزائیں مقررکی تھیں ہم نے ان لوگوں کو ملک وقوم کا والی بنا دیا پھر نتیجہ یہی نکلا کہ جو آج ہم اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں کہ انسان انسان کا قیمہ بنا رہا ہے۔ جیسی توبہ ہمارے باپ آدم نے کی اگر آج ہم بھی ایسی ہی توبہ کرلیں، اللہ محبت کرتا ہے توبہ کرنے والوں سے اس لئے اللہ تعالیٰ رات کے آخری بہر آسمان سے زمین پر نازل ہوتا ہے اور فرماتا ہے کوئی جو مغفرت چاہے میں معاف کردوں۔

نائب امیر جماعت اسلامی زون نارتھ کراچی اسد اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان جس ظلم کا شکار ہیں اس کی بنیادی وجہ قرآن وسنت سے دوری ہے جس نے دلوں سے آخرت کا خوف ختم کر دیا ہے۔ جب تک ملک میں قرآن و سنت کا نظام رائج نہیں ہوتا، ظلم وجبر کے نظام سے نجات نہیں مل سکتی۔