خون کے ہر قطرے کا فوری حساب لیں گے، آرمی چیف

Qamar Javed Bajwa

Qamar Javed Bajwa

کراچی (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ قوم کے خون کے ایک ایک قطرے کا فوری حساب لیں گے، دہشت گردوں سے فوری انتقام لیا جائے گا، کسی بھی ذمے دار کو نہیں بخشیں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیہون میں خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم پرسکون رہے، پاک فوج دشمن قوتوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی، پاک فوج قوم کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دشمن قوتوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گی، کسی دہشت گرد کے لیے کوئی چھوٹ نہیں ہو گی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ حالیہ دہشت گرد کارروائیاں افغانستان میں محفوظ پناہ گاہوں سے کی جارہی ہیں، یہ حملے دشمن طاقتوں کے ایما پر کیے جا رہے ہیں،ہم دفاع کریں گے اور بھرپور جواب دیں گے۔

آرمی چیف نے سیکیورٹی اداروں کو سیہون شریف میں فوری امدادی کارروائی کی ہدایت بھی کی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی ہدایات کے مطابق طبی ٹیموں سمیت پاک فوج اور رینجرز کے جوانوں کو سیہون روانہ کردیا گیا ہے، سی ایم ایچ حیدر آباد میں زخمیوں کے علاج کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق زخمیوں کے فوری انخلا کے لیے ہیلی کاپٹر اور سی 130 بھجوائے جارہے ہیں، پاک بحریہ کے نائٹ فلائنگ ہیلی کاپٹر امدادی کارروائی میں حصہ لیں گے جبکہ سی 130 طیارے بھی زخمیوں کے فوری انخلا کے لیے ریلیف کوششوں میں حصہ لیں گے۔

آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ دھماکے کے زخمیوں کو نیوی کے رات میں پرواز کے قابل ہیلی کاپٹرز سے کراچی لایا جائے گا، پاک نیوی کےاسپتالوں میں زخمیوں کی آمد سے قبل ہائی الرٹ کیا گیا ہے۔