باب وولمر کو دنیا سے گزرے 9 برس بیت گئے

Bob Woolmer

Bob Woolmer

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ باب وولمر کو دنیا سے گئے 9 برس بیت گئے ہیں۔ ان کا شمار کرکٹ کے کامیاب ترین کوچز میں کیا جاتا تھا۔

2007ء کے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کا شمار فیورٹس میں تھا لیکن 17 مارچ کو آئرلینڈ کے ہاتھوں شکست سے تمام خواب بکھر گئے یوں ٹیم پہلے راﺅنڈ سے بھی آگے نہ جا پائی۔ پھر چند گھنڈوں بعد ہی ہیڈ کوچ باب وولمر کے انتقال کی خبر سامنے آ گئی۔ ان کی موت پر شکوک وشہبات ظاہر کئے گئے۔

جمیکا پولیس نے کئی ماہ تک وولمر کی موت کا سبب جاننے کے لیے تحقیقات کیں اور بالاآخر موت کو فطری قرار دے دیا گیا۔ باب وولمر 14 مئی 1948ء کو بھارت کے شہر کانپور میں پیدا ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے 19 ٹیسٹ اور 6 ون ڈے میچز کھیلے۔ کھیل کر وہ نام نہ بنا پائے جو مقام انہوں نے کوچنگ کے میدان میں حاصل کیا۔

ان کی جدید انداز کی ٹریننگ کو آج بھی یاد کیا جاتا ہے۔ ساؤتھ افریقا کو انہوں نے مضبوط ترین ٹیموں میں شامل کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ 2004ء میں بھارت کے ہاتھوں ٹیسٹ اور ون ڈے میں شکست کے بعد باب وولمر کو جاوید میاںداد کی جگہ پاکستان ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا۔