بالی ووڈ ادکارہ عالیہ بھٹ 24 برس کی ہو گئیں

Alia Bhatt

Alia Bhatt

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ ڈائریکٹر کرن جوہر کی میگا ہٹ فلم’اسٹوڈنٹ آف دی ائیر‘ سے فلم نگری کی چکاچوند میں قدم رکھنے والی معصوم اور بھولی بھالی شکل والی عالیہ بھٹ آج 24 برس کی ہوگئیں۔

مشہور فلم ساز مہیش بھٹ کی بیٹی اور پوجا بھٹ کی بہن عالیہ صرف ایک فلم ہٹ ہوتے ہی دیکھتے ہی دیکھتے لاکھوں دلوں کی دھڑکن بن گئیں ،جس کے بعد انڈسٹری کے ٹاپ ڈائریکٹرز انہیں کاسٹ کرنے کیلئے کوششیں کرنے لگے۔

اپنی اس غیر معمولی پذیرائی اور مقبولیت کا عالیہ نے بھی خوب فائدہ اٹھایااور کئی معروف انٹرنیشنل برانڈز کی ایمبیسڈر بھی بن گئیں۔

کام سے متعلق ان کی لگن کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ وہ کہتی ہیں ’ہر روز جب شوٹنگ ختم ہوتی ہے تو میرا دل چاہتا ہے کہ یہ ختم نہ ہو، میں 24 گھنٹے بلکہ 48 گھنٹے کام کرنا چاہتی ہوں۔

رائٹر و ہدایتکار امتیاز علی کی رومانٹک ڈرامہ فلم’ہائی وے‘میں کام کرکے داد وصول کرنے کے بعد فلم ’ٹو اسٹیٹس‘ میں عالیہ بھٹ نظر آئیں، جس میں انہوں نے اپنی نیچرل ایکٹنگ سے سب کے دل موہ لئے۔

اس کے علاوہ ان کی فلموں میں اگلی، شاندار، کپور اینڈ سنز، اْڑتا پنجاب، ڈیئر زندگی اور حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم بدریناتھ کی دلہنیا شامل ہے، جس نے6روز میں باکس آفس پر 55کروڑ سے زائد کا بزنس کرلیا ہے۔