میرے پاس بم ہے، وائٹ ہاؤس جانے والا شخص گرفتار

White House

White House

واشنگٹن (جیوڈیسک) وائٹ ہاؤس کی سکیورٹی کی ذمہ دار ‘یو ایس سیکرٹ سروس’ نے ہفتہ دیر گئے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جو اپنی گاڑی کو چلاتے ہوئے وائٹ ہاؤس کے چیک پوائنٹ تک لے آیا اور کہا کہ اس کے پاس ‘بم’ ہے۔

عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ڈرائیور کو فوری طور حراست میں لے کر اس کی گاڑی قبضہ میں لے لی گئی ہے۔

سیکرٹ سروس کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں لیکن ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ کیا گاڑی میں کوئی بم تھا یا نہیں۔

تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس وقت وائٹ ہاؤس میں نہیں تھے ۔ وہ اختتام ہفتہ فلوریڈا میں اپنی نجی تفریح گاہ میں مقیم تھے۔

یہ واقعہ سیکرٹ سروس کی طرف سے کچھ گھنٹے قبل ایک شخص کو گرفتار کرنے کے بعد پیش آیا جس نے وائٹ ہاؤس کے انتہائی سیکورٹی والے علاقے سے باہر موجود ایک سائیکل اسٹینڈ کو پھلانگنے کی کوشش کی۔

اطلاعات کے مطابق سیکرٹ سروس کے اہلکاروں نے اس شخص کو آگے بڑھنے سے روکتے ہوئے فوراً حراست میں لے لیا۔

قبل ازیں 10 مارچ کو کیلی فورنیا سے تعلق رکھنے والا ایک شخص وائٹ ہاؤس کے گرد سکیورٹی کی تین رکاوٹوں کو پار کرنے کے بعد جب وہ وائٹ ہاؤس کے گیٹ کے قریب پہنچا تھا توا سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔

لیکن اس عرصے کے دوران وہ وہاں پر پندر منٹ تک موجود رہا اور اس وقت صدر ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں موجود تھے۔