طورخم سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ، افغان ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

military,

military,

اسلام آباد (جیوڈیسک) افغانستان کے ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کرکے طورخم میں افغان سیکیورٹی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج ریکارڈ کروایا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغان ناظم الامور کو بتایا گیا کہ فائرنگ کا واقعہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کی روح کے منافی ہے۔ افغان حکومت معاملہ کی مکمل اور جامع تحقیقات کرے اور پاکستان کو بھی حقائق سے آگاہ کرے۔ ناظم الامور کو کہا گیا کہ افغان حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا مقصد سرحد پر پاکستانی حدود میں گیٹ کی تعمیر کو متاثر کرنا تھا۔ یہ گیٹ سرحد پار کرنے والے افراد اور ٹرانسپورٹ کو سہولت فراہم کرنے کے لیے تعمیر کیا جا رہا تھا۔ ناظم الامور کو کہا گیا کہ طورخم پر پاکستانی اقدامات سرحدوں پر انتظامات کو موثر بنانے کی کارروائیوں کا حصہ ہیں، اس لیے افغان حکومت کی طرف سے تعاون درکار ہے تا کہ دہشت گردی کے چیلنج سے مل کر نبرد آزما ہوا جا سکے۔