ہماری بہادر افواج عالمی امن کیلئے اقوام متحدہ میں بھی ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ حاجی بشارت علی

Lahore

Lahore

لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کے نو منتخب چئیرمین، معروف تاجر حاجی بشارت علی، وائس چئیرمین کاہنہ ارشد رضا ایڈوکیٹ نے گذشتہ روزیوم پاکستان کی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر بھارت کو امن اور دوستی کا پیغام دیا ہے لیکن مسلح افواج کی پریڈ کے دوران عسکری قوت کے مظاہرے کے ذریعہ یہ بھی واضح کر دیا ہے کہ جارحیت کی صورت میں پاکستان دشمن کو دندان شکن جواب دینے کیلئے بھی تیار ہے۔ بشارت علی نے کہا کہ ہم بھارت کے ساتھ بھی دوستی کے خواہشمند ہیں، اس کے ساتھ بات چیت کے ذریعے کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کا حل مذاکرات سے چاہتے ہیں۔ ہم واضح کرتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر’ کشمیری عوام کی اْمنگوں کے عین مطابق اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں ہی حل ہو سکتا ہے یہی حل علاقائی سلامتی اور خطے میں پائیدار امن کی واحد بنیاد ہے۔ افغانستان سے ہمارے گہرے مذہبی ‘ تاریخی اور ثقافتی تعلقات ہیں جنہیں محبت اور اخلاص کی بنیاد پر مزید فروغ دیا جا رہا ہے۔ جو قوم اور اس کے محافظ ایثار اور قربانی کے جذبے سے سرشار ہیں انہیں دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔

اب سے 76 سال قبل ہمارے بزرگوں نے علیحدہ وطن کے قیام کا عہد کیا اور 7 برس میں اس مشن میں کامیابی حاصل کر لی۔ یہ تاریخ کا بے مثال واقعہ ہے جس پر اللہ کا شکر واجب ہے اور بزرگوں کی احسان مندی بھی ‘ ارشد رضا نے مزید کہا کہ اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہم اپنے وطن عزیز کو مسائل کے بھنور سے نکال کر عظمت اور بلندی کی جانب گامزن کر دیں گے کیونکہ ہماری منزل ایسا جمہوری ‘ خوشحال ‘ ترقی یافتہ اور جدید علوم سے آراستہ پاکستان ہے جس میں ہر پاکستانی اپنے عقیدے کے مطابق آزادی سے زندگی بسر کرسکے، ملک ہر قسم کے نسلی ‘ لسانی ‘ علاقائی اور مذہبی تعصبات سے پاک ہو ‘ تحریک پاکستان کے شہیدوں ‘ غازیوں اور مجاہدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہتر طریقہ بھی یہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس قوم کے فرزند ہیں جس نے بے سرو سامانی کے عالم میں سفر شروع کیا اور صرف 5 دہائیوں میں ایٹمی طاقت حاصل کرلی۔ ہمارا تعلق اس قوم سے ہے جس نے ہر طرح کے مصائب اور آفات کا نہایت ثابت قدمی سے مقابلہ کیا، ان آزمائشوں میں زلزلے اور سیلاب بھی شامل تھے اور دہشت گردی کا ناسور بھی ‘ آج اس ناسور کے خلاف ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے سربکف ہیں۔ اس موقع پر ،جنرل کونسلرز ذولفقار قریشی ،عرفان شاہ ،محمد سجاد،آصف رحمانی آپ کے ہمراہ تھے۔

یونین کونسل کاہنہ
uc247lahore@gmail.com
lahore 031234828367