شاندار پروفیشنل کیریئر چینی زبان سیکھنے والے بچوں کا منتظر ہے: رانا مشہود

Rana Mashhood

Rana Mashhood

لاہور (جیوڈیسک) چین جا کر چینی زبان سیکھنے والے پاکستانی بچے پاک چین دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط کر اور گہرا کریں گے۔ ہمارے 500 طلبہ و طالبات چینی یونیورسٹیوں سے چینی زبان سیکھ کر پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبے سے پیدا ہونے والے روزگار سے شاندار مواقع سے فائدہ اٹھا کر اپنے خاندان اور ملک و وقوم کی ترقی کا وسیلہ بنیں گے۔

یہ بات صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے گزشتہ روز علامہ اقبال ایئرپورٹ پر چینی زبان سیکھنے کیلئے بیجنگ روانہ ہونے والے پاکستانی طالبعلموں کے پہلے 66 رکنی گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر چینی قونصل جنرل مسٹر یوبورن‘ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن عرفان علی اورن یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے وائس چانسلر ڈاکٹر رئوف اعظم بھی موجود تھے۔

بیجنگ روانہ ہونے والا 66 طلبہ و طالبات پر مشتمل گروپ بیجنگ یونیورسٹی آف لینگوئج اینڈ کلچر میں چینی زبان کا دو سالہ کورس مکمل کرے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر مجموعی طورپر 500 پاکستانی طلبہ و طالبات کو چین کی مختلف 10 یونیورسٹیوں میں چینی زبان سیکھنے کے پروگرام کیلئے بھیجا جا رہا ہے۔

دوسرا گروپ اسی سال ستمبر میں چین روانہ ہوگا۔ چین جانے والے موجودہ گروپ میں 48 طلبہ اور 18 طالبات شامل ہیں جن کا تعلق پاکستان کی مختلف یونیورسٹیوں اور کالجز سے ہے۔ یہ سب طلبہ کم از کم گریجوایشن کے حامل ہیں۔