برطانیہ: ووٹوں کی گنتی جاری، ایگزٹ پول میں کنزرویٹو کی 316 نشستوں سے برتری

Britain Vote Counting

Britain Vote Counting

لندن (جیوڈیسک) برطانیہ میں عام انتخابات کے لیے ووٹوں کی گنتی جاری ہے، ایگزٹ پول کے مطابق کنزرویٹو پارٹی تین سو سولہ جبکہ لیبر دو سو انتالیس نشستیں جیت سکتی ہے۔

برطانیہ میں عام انتخابات کا وقت ختم ہوتے ہی ایگزٹ پول کا رزلٹ آ گیا ، برطانیہ کے تمام پولنگ سٹیشن پر کرائے گئے سروے کے مطابق کنزر ویٹو پارٹی تین سو سولہ نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے۔

ایگزٹ پول میں لیبر پارٹی دو سو انتالیس نشستوں کے ساتھ دوسری بڑی سیاسی جماعت بن سکتی ہے جبکہ لبرل ڈیموکریٹس دس ، سکاٹش نیشنل پارٹی اٹھاون اور دیگر جماعتیں پچیس نشستوں پر کامیاب ہو سکتی ہیں۔

پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے اپنے حلقے کے ووٹ کاؤنٹنگ سنٹر کا دورہ کیا۔ ایگزٹ پول کے رزلٹ پر کنزرویٹو پارٹی کے رہنما ڈیوڈ کیمرون کی خوشی دیدنی تھی۔

برطانیہ میں آئندہ پانچ سال تک اقتدار سنبھالنے کے لیے کسی بھی سیاسی جماعت کو تین سو چھبیس نشستیں جیتنی ہیں۔ چھپن ویں برطانوی عام انتخابات میں پانچ کروڑ کے قریب ووٹرز نے پچاس ہزار پولنگ سٹیشنز پر اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ہے۔