برما میں مسلمانوں پر ظلم عالم اسلام کی خاموشی افسوسناک ہے، مفتی محمدنعیم

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے برما میں جاری مسلمانوں پربدترین ظلم وبربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ نام نہاد عالمی حقوق کی تنظمیں اور عالمی امن کے ٹھکیدار وں کی برما میں 20 ہزار مسلمانوں کے قتل عام پر خاموشی مجرمانہ ہے۔

انسانیت سوز مظالم پر عالمی برداری ، اقوام متحدہ ، عالمی حقوق کی تنظیمیں کوئی رول ادا نہیں کررہی ہیں ،مسلم حکمران خواب خرگوش سے بیدار ہوکر برما کے مسلمانوں کی فکر کریں اور مغربی کاسہ لیسی کے رویے کو ترک کرکے عالم اسلام کے مفاد میں جمع ہوجائیں۔ہفتہ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمد نعیم نے کہاکہ اگر کفریہ طاقتیں” الکفرملت واحدہ ”کی عملی تصویر بن کر مسلم کشی کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتیںتو مسلم حکمرانوں کو بھی ہوش کے ناخن لے کربرما سمیت دنیا بھر میں جاری مسلم کشی کا سدباب کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ سے مسلمانوں کو انصاف کی توقع نہیں رکھنی چاہیے عالمی مفاد کیلئے اقوام متحدہ تشکیل دیا گیا تھا مگر روز اول سے ہی اقوام متحدہ مسلمانوں کے حقوق کو غصب کرنے والوں کا ساتھ دیتا رہاہے ،برما میں عرصہ دراز سے مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا جارہاہے ، انسانیت سوز مظالم کو دیکھ کر پوری دنیاکی عوام سراپا احتجاج ہے جبکہ اقوام متحدہ سمیت دیگر انسانی حقوق کی تنظیمیں برما کے مسلمان پر ہوتے ظلم پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیںانہوں نے کہاکہ اگر کوئی مسلمان دنیا کے کسی کونے میں ایک پتھر بھی کسی کی طرف پھینکتاہے۔

تو یہی اقوام متحدہ اور دیگر انسانی حقوق کے دعویدار اٹھ کھڑے ہوتے ہیں مگر افسوس فلسطین ،برما، کشمیر اور شام میں آج امت مسلمہ کے جوانوں ،بوڑھوں ، بچوں اورضعیفوں کا قتل عام اور بے گھر کیا جارہاہے اور ساری دنیا خاموش تماشہ بینی کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم حکمرانوں کی نااہلی کے باعث آج امت مسلمہ ظلم کا شکارہے ،مسجداقصیٰ یہودیوں کے پنجے میں ہے،بیت المقدس آزادی کو ترس رہاہے اور پوری دنیا میں مسلمانوں کا قتل عام ہورہاہے۔ انہوںنے کہاکہ مسلمان جہاں کہیں بھی آزادی کا نعرہ لگاتے ہیں انہیں طاقت کے ذریعے کچل دیاجاتاہے اور عالمی برداری خاموش تماشائی بن کر ظالموں کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔