کرپشن کو روکے بغیرملک ترقی نہیں کر سکتا اور غربت دور نہیں ہو سکتی، میاں عبد الحمید

Abdul Hameed

Abdul Hameed

برنلے : میاں عبد الحمید مرکزی نائب صدر پاکستان مسلم لیگ ق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کرپشن کو روکے بغیرملک ترقی نہیں کر سکتا اور غربت دور نہیں ہو سکتی جس ملک کا پڑھا لکھا طبقہ روزانہ اربوں روپے کی کر پشن کرے اور سیاسی لوگ بھی اس لوٹ مار میں برابر کے شریک ہوں۔

بلکہ خود بھی براہ راست ملوث ہوں اور قانون بھی ان کا غلام ہو اور جو تھوڑے بہت پکڑے جاتے ہیں وہ بھی معاملہ صرف خبروںتک محدود رہتا ہے یا عدالتوں میں پہنچ کرقانون کی بھول بھلیوں میں گم ہو جاتا ہے انہوں نے کہا کہ قانو ن صرف غریب لوگوں کے لئے ہے غریب بنکوں سے قرضہ لے کر بوجوہ واپس نہ کر سکے تو بینک والے اس کا جینا حرام کر دیتے ہیں اس کے لئے تو کوئی معافی نہیں جاگیرداراور کروڑ پتی لوگ اربوں کھربوں روپے کے قرضے معاف کروا کے مختلف ادوار میں ہمارے حکمران بنتے ہیں۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تک سخت قانون نہیں بنتا اور اس پر عمل در آمد یقینی نہیں ہو تا ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتا انہوں نے کرپشن کو غداری قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ لوٹ کھسوٹ کے ذریعے ملک کی معشیت کو نقصان پہنچاتے ہیں ملکی ترقی میں حائل ہوتے ہیں نتیجتاً ملک دفاعی لحاظ سے بھی کمزور ہو تا ہے یہ غداری ہے اور غدار کی سزا موت یا عمر قید ہے اس لئے قانونی پیچیدگیاں ختم کر کے قانون کو اسلام کے اصولوں کے مطابق نافذ کر کے ان لوگوں کو سزائیںدی جائیںورنہ یہ کرپٹ قسم کے فرعون کسی نہ کسی طریقے سے ملک کو لوٹتے رہیں گے اور ملک مختلف مسائل کا شکار رہے گا۔