کاروبار کے لیے کراچی پاکستان کا بہترین شہر ہے، ورلڈ بینک

Karachi Pakistan

Karachi Pakistan

کراچی (جیوڈیسک) ورلڈ بینک نے اپنی تازہ رپورٹ میں کراچی کو پاکستان کے دیگر بڑے شہروں کے مقابلے میں کاروبار کے لیے سب سے بہترین شہر قرار دیا ہے۔

گزشتہ روز عالمی بینک کے ادارہ آئی ایف سی کی جانب سے جاری ریجنل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں 2005-2006 میں کاروبارکرنا آسان ہوگیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیا کے 8 ممالک کے بڑے شہروں کا جائزہ لیا گیا جن میں 12 بھارت، 6 پاکستان اور 4 بنگلا دیش کے شہر شامل تھے، ان شہروں میں پاکستان میں کراچی، بھارت میں احمد آباد اور بنگلا دیش میں ڈھاکا کو کاروبار کے لیے سب سے بہترین یعنی کاروبار دوست قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ کراچی میں کاروبار کی آسانی کے لیے کی گئی اصلاحات نے قانونی دستاویز کی تیاری میں وقت ، قیمت میں کمی نے اہم کردار ادا کیا ہے جب کہ اس دوران کراچی میں امن و امان میں بہتری اورانتظامی امور میں سہولتوں نے بھی کاروبار کو آسان بنا دیا ہے۔

دنیا بھر کے 175 ممالک کے کاروبار دوست شہروں کی جاری کردہ فہرست میں پاکستان کا 74 واں نمبر ہے جب کا بنگلہ دیش 88 اور بھارت 134 ویں نمبر پرہے۔ رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیائی ممالک میں ٹیکس اور دیگر قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے کاروبار کے آغاز میں لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم پاکستان نے اس شعبے میں کافی بہتر اصلاحات کیں جس سے کاوربار کرنا آسان ہوگیا اسی وجہ سے ہر شہر میں کاروبار کے بہترماحول کے لیے قوانین میں سہولت کی وجہ سے پاکستان 22 درجے جمپ لگا کر 74 سے 52 ویں پوزیشن پرآگیا ہے۔