دھرنوں کے دوران ڈی جے بٹ اور ان کی ٹیم 38لاکھ 39ہزار روپے کا کھانا کھا گئی

DJ Butt

DJ Butt

اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کی کمیٹی نے ڈی جے بٹ کے ساڑھے 10کروڑ سے زائد کے بل بوگس قرار دے دیئے۔ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ڈی جے بٹ تو پہلے ہی 1کروڑ 72لاکھ زیادہ لے چکا ہے۔ رقم واپس نہ کی تو قانونی نوٹس بھیج دیا جائے گا۔

ڈی جے بٹ تحریک انصاف سے دھرنوں کے اخراجات کی مد میں5 کروڑ 90لاکھ روپے تو پہلے ہی وصول کر چکے تھے،لیکن چند روز قبل مزید 8کروڑ روپے کا مطالبہ کر ڈالا۔ تحریک انصاف کی قیادت آگے بڑھی اور ڈِی جے بٹ سے ملاقات کی، ساتھ ہی بقایا جات کی ادائیگی کے لیے 3رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔

کمیٹی نے ڈی جے بٹ کو پہلے سے ادا شدہ رقم کی تفصیلات مانگی، تو ہوش ربا انکشافات سامنے آئے، ساونڈ اسپیکر کا کرایہ 2کروڑ 90لاکھ روپے، جنریٹرز کا کرایہ 1کروڑ 11لاکھ، ڈیزل کی مد میں 1کروڑ 95لاکھ بتایا گیا۔

دھرنوں کے دوران تو ڈی جے بٹ اور ان کی ٹیم 38لاکھ 39ہزار روپے کا کھانا کھا گئی اور تو اور ڈی جے بٹ نے 10کروڑ 53لاکھ 17ہزار 300روپے کا بل متفرق اخراجات میں ڈال دیا۔

تحریک انصاف کی کمیٹی نے تمام بلوں کو بوگس قرار دیتے ہوئے، دھمکی دی کہ ڈی جے بٹ نے 1کروڑ 72لاکھ روپے کی وصول کی گئی اضافی رقم واپس نہ کی تو لیگل نوٹس بھیجا جائے گا۔

دوسری طرف پنجاب ریونیو اتھارٹی پہلے ہی ٹیکس کی عدم ادائیگی پر ڈی جے بٹ کو پونے 2کروڑ کا نوٹس بھیج چکی ہے۔