سی پیک منصوبہ کسی کیخلاف نہیں، مدت سے پہلے مکمل ہوگا، چینی صدر

CPEC

CPEC

بیجنگ (جیوڈیسک) چینی صدرژی جن پنگ نے واضح کردیاہے کہ سی پیک منصوبہ ایک کمرشل منصوبہ ہے اوریہ کسی تیسرے فریق کیخلاف نہیں،پاکستان میںترقیاتی منصوبے اور گوادرفری ٹریڈ زون مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرلیے جائیں گے کیونکہ دونوں ممالک کی قیادت ان منصوبوںکی تکمیل میں گہری دلچسپی رکھتی ہے اورانکی اہمیت سے پوری طرح با خبرہے۔

ان منصوبوں کوچین کے پانچ سالہ منصوبے میںبھی خصوصی اہمیت دی گئی،سی پیک منصوبوںکاپہلامرحلہ2017ء کے آخریا 2018ء کی ابتدا میںمکمل ہوجائیگاجبکہ دوسرے مرحلے کے منصوبے 2020ء اورتیسرے مرحلے کے پراجیکٹ 2030ء تک مکمل ہو جائینگے تاہم سی پیک منصوبے کے ثمرات پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعدعوام تک پہنچناشروع ہو جائیں گے،یہ بات چین کی اسٹیٹ کونسل انفارمیشن آفس کی رپورٹ میں کہی گئی ہے،چینی صدر ژی جن پنگ نے کہاکہ سی پیک منصوبہ جہاںپاکستان میںترقی و خوشحالی کے عمل کوتیزکردیگاوہاںچین کوبھی اس سے بے پناہ فوائدحاصل ہون گے۔

اسوقت چین اپنا تیل آبنائے ملاکاسے 16000 کلو میٹر کا سفرطے کرکے شنگھائی تک لے آتاہے جس کیلیے اسے دوسے تین ماہ کا عرصہ درکار ہوتاہے جبکہ گوادربندرگاہ کے مکمل ہونے پرچین کو گوادرسے سنکیانگ تک اپنا تیل لانے کیلیے 5ہزارکلومیٹرسے کم فاصلہ طے کرنا پڑیگا، اسی رپورٹ میں ایک چینی کمپنی کے اعلیٰ عہدیدار ژانگ ژی بانگ جو پاکستان میں توانائی کے منصوبوں کی تعمیر کے نگران ہیں نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج سی پیک منصوبے کی اسی طرح حفاظت کررہی ہیں جس طرح ماں اپنے بچے کی حفاظت کرتی ہے اور ان منصوبوںکی تکمیل کیلیے مسلح افواج ہر قسم کا تعاون کررہی ہے،ادھر چینی ذرائع ابلاغ نے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب میں کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان جیسے خطرناک علاقے میں آپریشن کو کامیابی کیساتھ مکمل کرنا پاک فوج کا سنہری کارنامہ ہے ۔

پاک فوج نے علاقے میں گزشتہ کئی سال سے مقیم طالبان گروہوں اور غیر ملکی عسکریت پسندوں کا کامیابی کے ساتھ خاتمہ کیا ہے،کامیاب آپریشن کے بعد طالبان اب بڑا خطرہ نہیں رہے یا تو طالبان کو ہلاک کیا جا چکا ہے یا وہ سرحد کی دوسری جانب فرار ہونے پر مجبور ہو گئے ۔سیکیورٹی فورسز بلندوبالا پہاڑوں پر مکمل طور پر کنٹرول کر چکی ہیں، پاک فوج دوسرے علاقوں میں دہشت گردوں ،ان کے سہولت کاروں اور ان کے نیٹ ورک کے خاتمہ کے لئے بڑے پیمانے پر قومی آپریشنز کر رہی ہے ۔